اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے ہنگامی صورتحال سے متاثرہ لوگوں کی جانیں بچانے ،امداد اور تحفظ فراہم کرنے والے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان ورلڈ ہیومینٹیرین ڈے کے موقع پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے ساتھ ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق
پاکستان نے ہنگامی صورتحال سے متاثرہ لوگوں کی جانیں بچانے ،امداد اور تحفظ فراہم کرنے والے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔ترجمان نے کہاکہ ہم پابندیوں کے باوجود ضرورت مند شہریوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے اقوام متحدہ اور دیگر تنظیموں کی تعریف کرتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کوویڈ 19 کے غیرمعمولی معاشی اثرات کے رد عمل میں اقوام متحدہ کے کردار اور خاطر خواہ شراکت کی قدر کرتے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان اور اس کے عوام نے 4 دہائیوں سے 30 لاکھ سے زیادہ افغانوں کی میزبانی میں مثالی سخاوت اور مہمان نوازی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے افغان مہاجرین کی دیکھ بھال میں مدد کرنے پر ان کا شکر گزار ہیں۔ترجمان کے مطابق عالمی برادری مقبوضہ جموں وکشمیر میں بدترین انسانیت سوز صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔