اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس رحیم یار خان کے جھیٹہ بھٹہ اسٹیشن پر مال گاڑی سے ٹکرا گئی، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق اس حادثے کے بعد اپ اینڈ ڈاؤن ٹریک پر ٹرین کی آمد و رفت بند ہو گئی ہے۔ ریلوے ذرائع نے حادثے کے حوالے سے بتایا کہ شالیمار ایکسپریس کو حادثہ آٹومیٹک کانٹا تبدیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا ہے، حادثے کے نتیجے میں مال گاڑی تین بوگیاں علیحدہ ہو گئیں
جبکہ شالیمار ایکسپریس کا انجن پٹڑی سے اتر گیا۔ ڈی ایس ریلوے شعیب عادل کا کہنا ہے کہ حادثہ کانٹا تبدیل نہ کرنے کی وجہ سے پیش آیا۔ ترجمان ریلوے کے مطابق شالیمار ایکسپریس میں سوار تمام مسافر محفوظ ہیں لیکن ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور امید ہے کچھ ہی دیر میں ریلوے ٹریک ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔امدادی ٹیموں نے کام کا آغاز کر دیا ہے۔