اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلا م آباد کی سیشن عدالت نے ایف آئی اے کو معروف وی لاگر و صحافی سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا ۔ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان نے پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر کی جانب سے دائر کی گئی مقدمے کے اندراج کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
درخواست پر ہونے والی آخری سماعت پر امریکی شہری کی جانب سے وکیل ناصر عظیم خان عدالت پیش ہوئے اور ان کی جانب سے مقدمہ اندراج کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کی گئی۔وکیل ناصر عظیم خان نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ سنتھیا ڈی رچی کا بے نظیر بھٹو سے متعلق عدالت میں پیش کیا گیا ٹویٹ اصلی نہیں، جعلی ہے۔ اگر ٹویٹ کو درست بھی مان لیا جائے تو یہ سائبر کرائم نہیں بدنام کرنے پر ہتک عزت کا مقدمہ بنتا ہے، مقدمے کے اندراج کا فورم درست نہیں، ہرجانے کا دعوی دائر کرنا چاہیے۔سنتھیا رچی کے وکیل نے کہا یہ سارا معاملہ 2011 میں شروع ہوتا ہے۔وکیل عظیم خان نے دلائل میں کہا کہ سنتھیا ڈی رچی نے پاکستان کا امیج بہتر بنانے میں 11 سال لگائے اور بلاگز لکھے،درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں کہ مقدمے کے اندراج کی درخواست میں ملزم کو نہیں سنا جا سکتا۔ جس پر عدالت نے سنتھیا ڈی رچی کےخلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا. محفوظ کردہ فیصلے میں عدالت نے مقدمے کے اندراج کا حکم دے دیا۔