اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف ادارے گیلپ پاکستان کے سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں ایک کروڑ 73 لاکھ سے زائد افراد ملازمتوں سے محروم ہوسکتے ہیں۔سروے میں بتایا گیا ہے کہ بیروزگاری کے خدشے میں آنے والی یہ تعداد ملک بھر میں ملازمت پیشہ افراد کا 28 فیصد بنتی ہے۔نجی ٹی وی جیو کی رپورٹ کے مطابق سروے میں کہا گیا ہے کہ
زیادہ ترمتاثر ہونے والے شعبہ جات صوبہ سندھ میں موجود ہیں جبکہ کورونا وائرس کے باعث متاثر ہونے والوں میں مزدوری کرنے والے، دستکار، مشینوں پرکام کرنے والے اور سیلز ورکر شامل ہیں۔خیال رہے کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران 24 اپریل کو گیلپ کی جانب سے جاری کیے جانے والے سروے نتائج میں کہا گیا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے معاشی بحران کے باوجود ملک کے 83 فیصد کاروباری افراد اب تک اپنے ملازمین کو ملازمتوں سے نکالنے کا نہیں سوچ رہے ہیں۔دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی کورونا کے معیشت پر پڑنے والے اثرات کی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق کورونا کے سبب تجارت مثاثر ہوئی، کئی کمپنیاں دیوالیہ ہوسکتی ہیں۔