راولپنڈی(آن لائن) حکومت نے اوورسیز پاکستانی شہریوں کو کورونا متاثرین کی لاشیں وطن واپس لانے کی اجازت دے دی تاہم اس کے لئے وزارت صحت اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے انفیکشن کے پھیلائو کو روکنے کے لئے جاری کی گئی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہو گا ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایوی ایشن ڈویژن کے ترجمان عبدالستار کھوکھر نے بتایا کہ حکومت نے وزارت قومی ہیلتھ سروسز کی گائیڈ لائنز کی پیروی کی ہدایات جاری کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانی شہریوں کو کورونا متاثرین کی لاشیں وطن واپس لانے کی اجازت دے دی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ ابھی تک کسی کورونا متاثرہ شخص کی لاش کو بیرون ملک سے فضائی سروس کے ذریعے وطن نہیں لایا گیا تاہم فرانس اور بار سلونا اپنے عزیزوں کی لاشیں ملک لانے کے لئے ہمیں دو درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی لاشوں کو ملک منتقل کرنے کے لئے فضائی قواعد و ضوابط کی پیروی کرتے ہوئے سیل کفن میں لایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ لاش کے ساتھ آنے والے شخص کو تمام احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرنا ہو گا ۔ رپورٹ کے مطابق ایسی لاش کو منتقل کرنے کے لئے کم سے کم سٹاف معیاری احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے سروسز فراہم کرے گا جبکہ طیارے مین لاش رکھنے سے قبل ویٹنگ رومز کو مناسب طریقہ کار کے تحت کلین کیا جائے گا ۔