اسلام آباد (این این آئی) ترجمان نیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کو گرفتار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ایک بیان میں ترجمان نیب نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سے چند سوالات کے مفصل جوابات درکار تھے، 17 اپریل کو شہبازشریف کو گرفتار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
ترجمان نیب کے مطابق نیب افسران کی وابستگی صرف اور صرف ریاست پاکستان کیساتھ ہے، ہماری ہر کارروائی آئین اور قانون کے مطابق ہوتی ہے۔نیب اعلامیہ کے مطابق نیب ایک معتبر قومی ادارہ ہے، براہ مہربانی نیب کی بنیاد پر سیاست نہ کی جائے،نیب پر کسی کے دم کا کوئی اثر نہیں ہے۔واضح رہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میرے دم کرنے سے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف گرفتاری سے بچ گئے۔ شہبازشریف کے خلاف سنگین نوعیت کے کیسز ہیں، وزیراعظم عمران خان کرپشن کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے قائد حزب اختلاف اور صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کو طلب کیا تھا تاہم وہ گزشتہ روز پیش نہ ہوئے۔نیب لاہور نے شہباز شریف کو گزشتہ روز منی لانڈرنگ کیس میں طلب کیاتھا اور اْن سے وراثت میں موصول ہونے والی جائیداد کی تفصیلات بھی طلب کی تھیں۔