ملتان(نیوز ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کوسرد خانے سے نکال کر سلامتی کونسل تک پہنچایا، انسانی حقوق کونسل میں بھی آواز اٹھائیں گے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ امریکہ طالبان مذاکرات کے لیے پاکستان خاموشی سے ماحول بنانے کی کوشش کرتا رہا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں بھی مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ
کشمیر سے متعلق ہماری خارجہ پالیسی کے نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں،بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں آج کشمیر پر بات کر رہی ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے دورہ پاکستان میں مسئلہ کشمیر پر بات ہوئی، کشمیرکا مسئلہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے فورم پروزیراعظم اور میں نے کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کیا، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سے بھی کشمیر پر کھل کر بات ہوئی ہے۔