اسلام آباد(آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ملک ہے،جاپانی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔ یہ بات انہوں نے جاپان انٹرنیشنل تعاون ایجنسی (جائیکا) کے صدر شنیچی کیتاؤکا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی
جنہوں نے جمعرات کو ان سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔وزیر خارجہ کو جائیکا کے صدر نے تنظیم کے مختلف شعبوں میں تعاون پر بریفنگ دی۔ وزیرخارجہ نے پاکستان اور جاپان کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے نئے مواقعوں سے جائیکا کے صدر کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تجارت اور معاشی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ جائیکا پاکستان میں تعلیم، صحت، انسانی و سماجی ترقی اور افغانستان سے ملحقہ اور دیگر علاقوں میں تعاون کر رہی ہے۔جائیکا کا تعلیم اور دیگر انسانی ترقی کے شعبوں میں تعاون قابلِ تحسین ہے۔ جائیکا کے ساتھ دیگر شعبوں خصوصاً ٹیکنالوجی اور دیگر معاملات میں مزید تعاون کے خواہاں ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ملک ہے۔ جاپانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ملک ہے۔ جاپانی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔