اسلام آباد (این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ کرونا وائرس کے معاملے پر چین کی وزارت خارجہ کے ساتھ بیجنگ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ پیر کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کرونا وائرس ایشو کے حوالے سے اہم بیان میں کہاکہ چین کی وزارت خارجہ کے ساتھ بیجنگ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چینی صوبے ووہان میں 500 کے قریب
رجسٹرڈ طلباء ہیں جبکہ نان رجسٹرڈ کو شامل کر کے یہ تعداد 500 سے 800 کے درمیان بنتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چین نے کیرونا سے متاثرہ علاقوں میں نقل و حرکت پر پابندی لگا رکھی ہے،اس وقت تک ہماری اطلاعات کے مطابق کوئی پاکستانی کی اس وائرس سے متاثر نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے نان رجسٹرڈ طلباء کی رجسٹریشن کیلئے دو افسران مامور کر دیے ہیں اور ان کے نمبرز بھی سفارتخانے کی ویب سائٹ پر مشتہر کر دئیے،پاکستانی طلباء رجسٹریش یا کسی بھی معلومات کے حصول کیلئے سفارتخانے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم چین میں اپنے سفارت خانے، بیجنگ میں چینی وزارت خارجہ اور پاکستان میں تعینات چین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے کھانا نہ ملنے کی شکایت پر بھی بیجنگ میں چین کی وزارت خارجہ سے رجوع کیا ہے انہوں نے بتایا ہے کہ سیل شدہ علاقے میں تین وقت کا کھانا بھجوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تمام احتیاطی تدابیر اپناء جا رہی ہیں لہذا گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے احتیاط سے کام لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ چینی حکام ہمارے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں،اپنے شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہمیں ان کی مدد کی ضرورت ہے ہمیں ان کے ساتھ مل کر اس صورت حال سے نمٹنا ہے۔