اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے معاون خصوصی عرفان صدیقی کو کرایہ داری ایکٹ کے مقدمے سے باعزت بری کردیا۔جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد پولیس نے عرفان صدیقی کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جس پر
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے مقدمہ اخراج کی درخواست نمٹاتے ہوئے عرفان صدیقی کو بری کردیا۔ اس موقع پر عرفان صدیقی کے وکیل نے عدالت سے انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی ہدایت دینے کی استدعا کی جس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ یہ آپ کا حق ہے آپ الگ سے درخواست دے سکتے ہیں۔واضح رہےکہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے دور میں ان کے معاون خصوصی رہنے والے عرفان صدیقی کو رواں سال جولائی میں ڈرامائی طور پر گرفتار کیا گیا اور ان پر پولیس نے کرایہ داری ایکٹ کی دفعات لگائیں۔عرفان صدیقی کی گرفتاری پر مسلم لیگ (ن) اور صحافتی حلقوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا جس پر حکومت نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا اور عرفان صدیقی کو ڈرامائی طور پر ضمانت پر رہا کیا گیا۔