اسلام آباد(آن لائن) حکومت پاکستان اور ٹوئٹر انتظامیہ کے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت سماجی ویب سائیٹ کی انتظامیہ یکطرفہ طور پر پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس معطل نہیں کرے گی۔معاہدے میں یہ بھی طے پایا ہے کہ ٹوئٹر انتظامیہ کسی بھی شکایت کی صورت میں حکومت پاکستان سے رابطہ کرے گی۔ چیئرمین نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ صباحت علی شاہ نے امریکہ میں ٹوئٹر کے اعلیٰ حکام سے تفصیلی
ملاقات کی ہے جس میں اس پلیٹ فارم پر بھارتی اجارہ داری کے باعث پاکستانی صارفین کی آواز دبانے کا معاملہ زیربحث آیا۔یاد رہے کہ کشمیر میں بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کے بعد ٹوئٹر کے ذریعے بھارتی غنڈہ گردی میں تیزی آئی، اہل کشمیر کے حق میں آواز اٹھانے پر سینکڑوں پاکستانیوں کے اکاؤنٹس بلاک کئے گئے۔اس سے قبل صدر پاکستان عارف علوی کو بھی کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانے پر ٹوئٹر کی جانب سے نوٹس موصول ہوا تھا۔