اسلام آباد(آن لائن) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ صوبائی الیکشن کمشنرز کی جانب سے ووٹرز کی فہرست میں تجدید کے بعد رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 90 لاکھ سے بڑھ کر 11 کروڑ 30 لاکھ تک جانے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ صوبائی الیکٹورل رولز نومبر میں یونین کونسل کی سطح پر شائع اور آویزاں کیے جائیں گے ۔
جس کے بعد بلدیاتی حکومت کے آئندہ انتخابات کے تناظر میں ووٹرز کے اعتراضات قبول کرنے کا عمل شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تجدید شدہ فہرستوں میں ووٹرز کی تعداد میں 40 لاکھ افراد کے اضافے کا امکان ہے اور ووٹرز کو صوبائی فہرستوں میں درستگی کے لیے 3 ہفتوں کا وقت دیا جائے گا۔ای سی پی کے عہدیدار نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بلدیاتی اداروں کی مدت بالترتیب 27 اور 28 اگست کو ختم ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی نے بلدیاتی حکومت کے نئے قانون کا نفاذ کیا ہے جو قوانین کی تیاری کے مراحل میں ہے۔ عہدیدار نے کہا کہ اس حوالے سے نوٹی فکیشن کے اجرا کے بعد صوبے میں حدبندی کے عمل کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح صوبہ پنجاب نے بھی ایک نیا قانون منظور کیا تھا اور قوانین ترتیب دیے جارہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ای سی پی عہدیدار نے کہا کہ حلقہ بندیوں کے عمل کو مکمل ہونے میں 6 سے 7 ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔عہدیدار نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ اب تک نہیں کیا گیا کہ تمام صوبوں میں بلدیاتی حکومت کے انتخابات کے لیے پولنگ ایک ہی روز ہوگی یا علیحدہ علیحدہ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت فہرست میں ایک بے ضابطگی کے خاتمے کا عمل جاری ہے جس میں ووٹرز اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناخت پر درج مستقل یا عارضی پتے کے علاوہ کسی تیسرے پتے پر رجسٹرڈ ہیں۔
ای سی پی عہدیدار نے مزید کہا کہ مذکورہ عمل کے آغاز پر ایسے ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ 10 لاکھ تھی۔عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ صوبائی اسمبلی کے انتخابات سے قبل فاٹا میں متعلقہ حلقوں کے تمام ووٹرز کو ان کے مستقل یا عارضی رہائشی پتے پر رجسٹرڈ کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح جس بھی حلقے میں ضمنی انتخابات ہوئے وہاں بھی ووٹرز کو اسی طریقے سے رجسٹرڈ کیا گیا۔الیکشن کمیشن کے عہدیدار نے کہا کہ ملک میں بلدیاتی حکومت کے انتخابات سے قبل ای سی پی مذکورہ عمل مکمل کرنا چاہتا ہے۔گزشتہ برس دسمبر میں کیے گئے فیصلے کے مطابق مستقل یا عارضی رہائشی پتے کے علاوہ کسی تیسرے پتے پر رجسٹرڈ تمام کو 31 دسمبر 2018 کو ابتدائی مدت ختم ہونے کے بعد ان کے مستقل پتے کے انتخابی حلقے میں رجسٹرڈ کیا جائے گا۔