لاہور (آن لائن) پنجاب کی کابینہ میں وسیع پیمانے پر ردوبدل کی منظوری دے دی گئی ہے، جس پر عملدرآمد آئندہ ہفتے میں متوقع ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کابینہ میں ردو بدل کی صورت میں کابینہ کے بعض ارکان کو تبدیل کیا جائے گا۔ بعض ارکان کے قلمدان تبدیل کیے جائیں گے جبکہ تبادلوں کی زد میں آنے والے وزراء کی تعداد تین سے چار ہے، بیشتر وزاء کے قلمدان ان سے واپس لے کر کابینہ کے دوسرے وزراء کو سونپے جائیں گے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب
سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر بعض وزراء کے خلاف تحقیقات بھی جاری ہیں جن پر مبینہ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزامات ہیں۔ جن کے بارے میں وزیراعظم نے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ جن صوبائی وزراء کے خلاف تحقیقات جاری ہیں انہیں ٹھوس شواہد کی روشنی میں وزارتوں سے ہٹا دیا جائے گا جبکہ نیب کیس میں ضمانت پر رہا ہونے والے سبطین خان کو وزارت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ بھی آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔