لاہور (آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ داخلہ پنجاب نے منشیات کے مقدمہ میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کو اپنے خونی رشتہ داروں سے ملاقات کی اجازت دیدی ہے اور منگل کا دن ملاقات کے لئے مقرر کیا گیا ہے۔جبکہ سابق صوبائی وزیر سبطین خان کے کیمپ جیل لاہور میں ان کے خونی رشتہ داروں سے ملاقات کا دن بدھ مقرر کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ نے دونوں سیاسی قیدیوں کی ملاقاتوں
کے مقرر کردہ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔دریں اثنا نون لیگ کے رہنما رانا ثناءاللہ نے جیل میں پہلی رات فرش پر سو کر گزاری۔نجی ٹی وی کے مطابق رانا ثناءاللہ کو کیمپ جیل کی بیرک نمبر 6میں فرش پر سونا پڑا اور انہیں سونے کے لیے صرف ایک چادر فراہم کی گئی۔رانا ثناءاللہ کو قید تنہائی میں رکھا گیا جب کہ اردگرد کی بیرکیں خالی تھیں۔جس بیرک میں راناثناءاللہ کو رکھا گیا اس کے باہر جیل پولیس کے افسران سمیت اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔