لاہور ،اسلام آباد(آن لائن،این این آئی ) کیمپ جیل لاہور کے ذرائع کے مطابق منشیات کیری کرنے کے الزام میں ملوث رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کو کیمپ جیل میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے ساتھ رکھنے کی بجائے منشیات فروشوں والی بیرک میں رکھا جائے گا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ چونکہ منشیات فروشی کے الزام میں ملوث ملزمان کو جیل میں بی کلاس نہیں دی جاتی اس لئے انہیں جیل میں منشیات فروشوں کے ہمراہ ان کی بیرک میں بند کیا جائے گا۔
دوسری جانب ذرائع اے این ایف کے مطابق رانا ثناء اللہ کی گرفتاری راتوں رات نہیں ہوئی۔ذرائع اے این ایف کے مطابق اے این ایف نے دن رات محنت کے بعد رانا ثناء اللہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ اے این ایف ذرائع کے مطابق اے این ایف رانا ثناء اللہ کے فیصل آباد سے لاہور اور اسلام آباد سفر کی تفصیلات اکھٹی کررہی ہے، رانا ثناء اللہ سے برآمد ہونے والی منشیات بیرون ملک سمگل ہونی تھی۔ اے این ایف کے مطابق راناثناء اللہ کی ٹریول ہسٹری سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔