لاہور(این این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے ڈپٹی چیئرمین حسین اصغر نے اپنی ذمے داریاں سنبھال کر معمول کا کام شروع کر دیا۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ڈپٹی چیئرمین کی سیٹ پر تقرری کرنے کی سفارش کی تھی جس پر صدر مملکت عارف علوی نے چیئرمین نیب سے مشاورت کر کے تین سال کے لئے حسین اصغرکی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔نیب ترجمان کے مطابق حسین اصغر نے اپنی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔
حسین اصغرکا تعلق پولیس گروپ سے ہے اور وہ گریڈ 22میں ریٹائرڈ ہوئے، حسین اصغر دوران ملازمت ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب اور آئی جی گلگت بلتستان کی حیثیت سے بھی کام کرچکے ہیں۔حسین اصغر نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)میں بھی خدمات انجام دیں اورپیپلز پارٹی کے دور حکومت میں حج کرپشن کیس کو بھی منطقی انجام تک پہنچایا، وہ اچھی شہرت کے حامل افسر سمجھے جاتے ہیں۔