لاہور( این این آئی)لاہوریوں کو جانوروں کی باقیات سے نکلا تیل کھلانے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی ، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں ویجیلنس نے بڑا آپریشن کرتے ہوئے 8360 لیٹر باقیات سے نکلا تیل پکڑا لیا ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ گاڑی نمبری ایل ای ایس 177 میں تیل کے ڈرم چھپا کے لائے جا رہے تھے، خفیہ اطلاع موصول ہونے پر بند روڈ پر ناکہ لگا کر ٹرک کو پکڑا گیا، ملزم عبدالحمید کمبوہ کو موقع پر گرفتار کر کے تھانہ مسلم ٹائون
میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ باقیات سے نکلا تیل ہوٹلوں اور نمکو فیکٹریوں وغیرہ کو سپلائی کیا جانا تھا، باقیات سے نکلے ناقص تیل کے استعمال سے متعدد موذی امراض لاحق ہوتے ہیں، پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے تحت باقیات سے نکلا تیل صرف بائیو ڈیزل میں استعمال ہو سکتا ہے۔محمد عثمان نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ملاوٹ مافیا گرینڈ آپریشن جاری ہے، حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق پنجاب کو ملاوٹ مافیا کے لیے نوگو ایریا بنائیں گے۔