کراچی(نیوز ڈیسک)بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجا جانے والا زرمبادلہ سب سے زیادہ بچوں کی تعلیم پر خرچ ہوتا ہے۔ زرمبادلہ کی بدولت ناصرف ملک بھر کے ساڑھے سات لاکھ بچے اچھے اسکولوں میں زیرتعلیم ہیں بلکہ اس زرمبادلہ کا بڑا حصہ کتابوں اور تعلیمی اشیا تک رسائی پر خرچ کیا جاتا ہے۔اس بات کا انکشاف ڈیجیٹل منی ٹرانسفر کرنے والی سروس ورلڈ ریمٹ کی جانب سے کیا گیا ہے۔دنیا بھر میں پاکستان دنیا کے ان دس سرفہرست ممالک میں شامل ہے جہاںگزشتہ سال یعنی
2018 کے دوران 21 ارب روپے سے زیادہ کی غیر ملکی ترسیلات زر وصول کی گئیں۔یہ نتائج یونیسکو، عالمی بینک اور پاکستان کے تازہ ترین قومی ہاوس ہولڈ سروے میں شائع شدہ ڈیٹا سے اخذ کیے گئے ہیں۔نتائج کے مطابق دنیا کے کم اور اوسط آمدنی والے ممالک میں تقریبا 220 ملین بچے اسکول نہیں جاتے۔ان 220ملین بچوں میں سے 19 ملین بچے پاکستان میں رہتے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کا شمار ان ملکوں میں ہوتا ہے جہاں اسکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔