اسلام آباد( آن لائن )پاکستان میں موجود تمام چینی باشندوں کی سکیورٹی پر نظرثانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سی پیک اور دیگر پراجیکٹس پر کام کرنے والے باشندوں کا سکیورٹی پلان تبدیل کرنے پر غور کیا جائے گا اور نئے سکیورٹی پلان میں مقامی پولیس کا کردار بھی موثر بنایا جائے گا۔سی پیک اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے والوں کی سکیورٹی اسکرینگ کروائی جائے گی اور چینی باشندوں والے پراجیکٹس کی سکیورٹی کے لیے سرویلینس بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ بھی صوبائی حکومتوں کے ساتھ کوآرڈینیشن کرے گی۔چینی باشندوں کی سکیورٹی پر نظرثانی کا فیصلہ کراچی قونصلیٹ پر حملے کے بعد کیا گیا ہے جس کا مقصد مستقبل میں ایسے حملوں کا تدارک کرنا ہے۔یاد رہے کہ جمعے کے روز کراچی میں چینی قونصلیٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا گیا تھا۔ اسلام آباد میں موجود چینی قونصل خانے نے پاک فوج اور پولیس کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بیان میں کہا تھا کہ ہم برقت ایکشن کو سراہتے ہیں۔