اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) احتساب عدالت میں العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی، میاں نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی واجد ضیاء پر جرح جاری ہے، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سماعت کے دوران عدالت میں گفتگو کرنے پر جج نے طارق فضل چوہدری اور پرویز ملک پر اظہار برہمی کیا، جج ارشد ملک نے ریمارکس دیے کہ پہلے بھی کہا تھا کہ یہاں بیٹھنا ہے تو بندے بن کر بیٹھیں، جج نے
کہا کہ نواز شریف بات کریں تو سمجھ آتی ہے۔ یہاں آ کر آپ بیٹھتے ہیں اور آپس میں گفتگو کرتے ہیں اور شور پیدا ہوتا ہے جس سے عدالت کا وقت ضائع ہوتا ہے اور سماعت میں مداخلت ہوتی ہے، آپ لوگ باہر بیٹھ کر بات کیا کریں، عدالت میں بیٹھ کر آپس میں گفتگو کا کیا جواز بنتا ہے، آئندہ ایسا ہوا تو یہاں پر اجازت نہیں دی جائے گی، اس موقع پر وکیل صفائی نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔