لاہور (این این آئی) اپوزیشن کے اتحاد کے ذریعے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدے حاصل کرنے کی تجویز پر بھی غور ہو رہا ہے ،تجویز کو ممکن بنانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے بڑوں کے مل بیٹھنے کا قوی امکان ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق
عام انتخابات میں کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت حاصل نہ ہونے کی وجہ سے حکومت سازی کا مرحلہ مشکلات کا شکار ہے ۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی میں زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت پی ٹی آئی کو ٹف ٹائم دینے کیلئے مختلف تجاویز زیر غور ہیں ۔ اس بات پر اتفاق پایا جاتا ہے کہ وزیر اعظم کا عہدہ تحریک انصاف کے پاس جانے دیا جائے تاہم سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدے پر بھرپو رمقابلہ کیا جاسکتا ہے اور اپوزیشن کے اتحاد کے ذریعے دونوں عہدے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) ، پیپلز پارٹی اور متحدہ مجلس عمل کے رابطوں میں یہ تجویز زیر غور آئی ہے اور باقی جماعتوں کو بھی اس عمل میں شریک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن )، پیپلز پارٹی اور متحدہ مجلس عمل نے تجویز پر سنجیدگی سے غور شروع کردیا اورتجویز کو ممکن بنانے کے لیے ان جماعتوں کے بڑوں کے مل بیٹھنے کا بھی قوی امکان ہے ۔