لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بند گلی میں پھنس گئے ہیں،اگر پیپلز پارٹی وفاق میں ہمارے ساتھ چلنا چاہتی ہے تو فیصلہ اس نے خود کرنا ہے ہمیں کوئی اعتراض نہیں ،ہم عمران خان کو سمجھاتے تھے کہ آپ کی باری آگئی تو آ پ کا کیا بنے گا ،
کیسے سرکار چلاؤ گے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میرے پولنگ ایجنٹس کو نتائج نہیں دئیے گئے ،میرے 40 پولنگ سٹیشنز پر نتائج کو روکا گیا ، رات تک مجھے 12 ہزار ووٹوں سے جتوایا جا رہا تھا۔یہ ایک انوکھا الیکشن تھا جس کی تیاری دھرنا ون سے ہی شروع کردی گئی تھی۔ عمران خان کو ووٹ دینے والوں کو جلد محسوس ہوجائے گا کہ انہوں نے کیا فیصلہ کیا، دیکھتے ہیں عمران خان کیسے سرکار چلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی تنہائی کا شکار ہیں، وہ ایسی جگہ پھنس گئے ہیں جہاں سے واپسی کا راستہ نہیں۔ وفاق میں دیکھیں گے کہ پیپلزپارٹی کس کروٹ بیٹھتی ہے ،اگر وہ ہمارے ساتھ چلنا چاہتی ہے تو اس کا فیصلہ اس نے کرنا ہے ہمیں کوئی اعتراض نہیں اور یہ میرا ذاتی خیال ہے ۔ اس کے بعد پنجاب میں اس سے اتحاد سے متعلق کوئی فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ ریلوے کی وزارت شیخ رشید جیسے انسان کے ہاتھ نہ آئے۔انہوں نے پہلے بھی ٹرینوں کا میک اپ کرکے ایک ٹرین کو مختلف ناموں سے چلایا، کوئی مانے یا نہ مانے لیکن دنیا مانتی ہے کہ میں نے ریلوے کو سنجیدگی سے چلایا۔