راولپنڈی(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے انتخابی نتائج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن چوری کر لئے گئے ، آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ پارٹی کرے گی، سول بالادستی کیلئے کھڑے رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اڈیالہ جیل میں پارٹی کے تاحیات قائد نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے
اڈیالہ جیل میں پارٹی کے تاحیات قائد نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی کی طبیعت دریافت کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے انتخابی نتائج سے متعلق غور کیا اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔دوسری جانب نواز شریف سے سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم اور طارق فاطمی کی ملاقات نہ ہوسکی، طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ جیل حکام کے مطابق نواز شریف کی طبیعت ناساز ہے، اس لئے نواز شریف سے صرف اہل خانہ مل سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق گور نر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑانے بھی سابق وزیر اعظم نوازشریف سے ملاقات کی ۔دریں اثناء نواز شریف نے انتخابی نتائج پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن چوری کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں بدترین کارکردگی کے باوجود پی ٹی آئی کو جتوایا گیا،خیبرپختونخواہ کے نتائج کی بنیاد پر ملک بھر کے نتائج پر اثر ڈالا گیا۔نوازشریف نے کہا کہ سول بالادستی کیلئے کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ حلقوں سے (ن) لیگ تو ہار ہی نہیں سکتی تھی۔مسلم لیگ کے قائد نے اس حوالے سے خاقان عباسی، عابدشیرعلی اور فیصل آباد کے حلقوں کا ذکر کیا۔