اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان بھر میں آج عام انتخابات کے سلسلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے البتہ کہیں کہیں بارش اس عمل میں رخنہ ڈال سکتی ہے۔نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق 25 جولائی کو منعقد ہونے والے انتخابات میں کئی شہروں میں بادل برسیں گے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ژوب ڈویژن اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، بنوں، ڈی آئی خان، ڈی جی خان میں بھی تیزہواؤں کےساتھ بارش کاامکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالا، لاہور، سرگودھا ڈویژن میں کہیں کہیں ہلکی اور تیز بارش متوقع ہے۔اسی طرح مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا۔یاد رہے کہ چند ہفتے قبل لاہورمیں طوفانی بارش ہوئی تھی، جس نے نظام زندگی کو درہم برہم کر دیا تھا۔ البتہ الیکشن والے روز اس نوع کی بارش کی توقع نہیں۔