ملتان (آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے نے ن لیگ ن لیگ 2 دھڑوں میں تقسیم کر دیا ، مزید لوگ ن لیگ چھوڑیں گے،ن لیگ الیکشن کا بائیکاٹ کرے گی تو شوق سے کرے، ن لیگ ایسافیصلہ کرکے جمہوریت کشی کرے گی، مکمل احتساب چاہتے ہیں، احتساب کے عمل میں کسی سے رعایت نہ برتی جائے، پنجاب میں پیپلز پارٹی دکھائی نہیں دے رہی۔
جمعہ کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مخدوم شیر شاہ کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن سیاسی غلطی نہیں کرے گی۔ تحریک انصاف کا منشور تیار ہو چکا ہے، منشور کا خلاصہ 11 نکات کی صورت میں رکھ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن سے متعلق ہماری بالکل واضح پالیسی ہے، ہم کرپشن کے خلاف ہیں جو بھی کرپٹ ہے اسے حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا ہم مکمل احتساب چاہتے ہیں، احتساب کے عمل میں کسی سے رعایت نہ برتی جائے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی دکھائی نہیں دے رہی۔ پنجاب کے 141 حلقے ہیں 104 میں تیر کا نشان ہی نہیں۔ بلاول پر جب تک آصف زرداری کا سایہ ہے چل نہیں پائیں گے،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف 5 سال تک اپوزیشن میں تھی ایک پائی فنڈ نہیں ملا، تمام ٹھیکے سیاسی بنیادوں پر ن لیگ کو دیے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ نہ کرے کہ ہم ن لیگ کے ساتھ الحاق کریں یا پیپلز پارٹی کو اپنے برابر میں بٹھائیں، 2023 میں سندھ میں بھی یہی فضا نظر آئے گی جو پنجاب میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مکافات عمل شروع ہوگیا ہے، ن لیگ 2 دھڑوں میں تقسیم ہوگئی ہے، بہت سے امیدواروں نے ن لیگ کے ٹکٹ واپس کر دیے۔ بعد مزید لوگ ن لیگ چھوڑیں گے۔