اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)میرے خلاف تاحیات نااہلی کا فیصلہ دینے والا جج کرپٹ ، مجھے گالی دیگا تو میں بھی دوں گا، ایسی چیزیں الیکشن مشکوک بنا رہی ہیں، این اے 57کے الیکشن ٹریبونلز سے جسٹس عباد الرحمن لودھی کی جانب سے تاحیات نااہل قرار دئیے جانے کے بعد سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا شدید ردعمل ، نجی ٹی وی سے گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق ، این اے 57کے
الیکشن ٹریبونلز سے جسٹس عباد الرحمن لودھی کی جانب سے تاحیات نااہل قرار دئیے جانے کے بعد سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مجھے مسلم لیگ ن سے وفاداری کی سزا دی گئی ہے ، ایسی چیزیں الیکشن کو مشکوک بنا رہی ہیں۔ میں نے ملک کی اس جج سے زیادہ خدمت کی ہے اور میں منہ پر کہتا ہوں کہ یہ کرپٹ جج ہے ۔ جج نے میرے فیصلے میں پرسنل ریمارکس لکھے ہیں جس کا ان کو اختیار نہیں تھا ۔ یہ اپنے اختیار سے تجاوز کررہے ہیں اگر یہ گالی نکالیں گے تو میں بھی گالی نکالوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ جج کے سوچ دیکھ لیں کہ ایک الیکشن پٹیشن کا فیصلہ کر رہے ہیں کسی کیس کا فیصلہ نہیں سنا رہے اور فیصلے میں شعر لکھ رہے ہیں۔ میں نے حلف نامہ دیا تھا اور کوئی ٹمپرنگ نہیں کی ۔ یہ کیا بات ہے کہ ٹمپرنگ ہوگئی ہے؟جس مکان سے متعلق فیصلہ دیا گیا ہے وہ مکان 1970میں بنایا گیا تھا جس پر لاگت 3لاکھ روپے آئی تھی بمعہ زمین کے ۔ا نہوں نے کہا کہ میں اپیل دائر کروں گا اور اس جج کے خلاف جاؤں گا ۔ انہوں نے کہا کہ جج کا رویہ جو ریٹرننگ آفیسر اور وکلا کے ساتھ تھا وہ ایک جج کا رویہ نہیں ہوتا اور بدقسمتی ہے کہ ایسے لوگ عدلیہ میں موجود ہیں۔ جج مجھ سے خوفزدہ نہ ہو بلکہ قانون سے خوفزدہ ہواور جس کرسی پر وہ بیٹھے تھے اس سے خوفزدہ ہوں ۔