لندن(آئی این پی)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان بصارت سے محرومی کی روک تھام کے لئے کوشاں ہے اور اس ضمن میں ہر ممکنہ اقدامات اٹھانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں دولت مشترکہ سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پربینائی کے حوالے سے فلاحی اقدامات اٹھانے والے عالمی اداروںپیک وژن اور سی بی ایم کے ساتھ اجلاس میں کہی۔
وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی نے پیک ویژن کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے پاکستانی حکومت کے بینائی سے محرومی کے خاتمے کیلئے واضح عزم کا اظہار کیا اور کہاکہ اس سلسلے میں قومی پروگرام کے لئے حکومت مکمل تعاون کرے گی ۔پیک ویژن اور سی بی ایم نے ان عظیم اہداف تک پہنچنے کے لئے حکومت کے ساتھ فالو اپ اور کام کرنے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم کے خصوصی معاون علی جہانگیر صدیقی اور پاکستا نی ہائی کمشنر سید ابن عباس بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ پیک وژن بینائی سے محرومی کے خاتمے کے لئے ترقی پذیرممالک میں سمارٹ فون ٹیکنالوجی کے استعمال اور صحت سے متعلق افرادی قوت کی تربیت کے میدان میں ایک ممتازعالمی ادارہ ہے، سی بی ایم آنکھوں کی نگہداشت پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایک صدی سے زائد عرصے سے عالمی سطح پر بینائی سے محرومی کے شعبہ میں کام کرنے والی بین الاقوامی غیر سرکاری ترقیاتی تنظیم ہے۔