اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت میں پیشی کے بعد جب واپس جانے لگے تو انہوں نے سینیٹر پرویز رشید سے پوچھا کہ باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرنی ہے اگر کرنی ہے تو کیا کرنی ہے؟ سینیٹر پرویز رشید نے انہیں بتایا کہ انتخابات کے حوالے سے بات کریں ساتھ پنجاب حکومت کی کارکردگی پر جو تنقید ہورہی ہے مناسب سمجھیں تو اس پر بھی بات کریں۔ میڈیا کے نمائندے آپ سے سوال کریں گے۔ ان کے سوالات کا جواب دینے سے گریز کریں۔دریں اثناء سابق وزیراعظم
نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث احتساب عدالت کے جج کو اگلے دو دنوں میں نواز شریف کی عدالت سے ایک ہفتے کی استثنیٰ کی درخواست دیں گے۔ میاں نواز شریف اپنی بیمار اہلیہ کی عیادت کیلئے لندن جانا چاہتے ہیں اس سے قبل بھی وہ عدالت سے درخواست کر چکے ہیں جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا۔ خواجہ حارث انسانی حقوق کی بنیادوں پر عدالت میں درخواست دیں گے کہ ایک ہفتہ کیلئے انہیں عدالت حاضری سے استثنیٰ دیا جائے تاکہ وہ لندن اپنی بیمار اہلیہ کی عیادت کیلئے جائیں۔