اسلام آباد (آئی این پی ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملالہ یوسفزئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا نے آپ کو عزت دی، پاکستان بھی عزت دے گا،یہ آپ کا گھر ہے، جب آنا چاہیں آئیں، اب آپ عام شہری نہیں، آپ کی سیکیورٹی ہم پر لازم ہے،ہماری فوج، سول آرمڈ فورسز کے جوان اور شہریوں کی قربانیوں سے ملک میں امن ہے، آپ دنیا کی اور پاکستان کی نمائندگی کرتی ہیں،چاہتا ہوں آپ ہمارا پیغام دنیا کو پہنچائیں۔
جمعرات کووزیراعظم ہا ئو س میں تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملالہ یوسفزئی کو خراج تحسین پیش کرت ہوئے کہا دنیا نے ملالہ کو عزت دی، پاکستان بھی آپ کو عزت دے گا، یہ آپ کا گھر ہے، جب آنا چاہیں آئیں، اب آپ عام شہری نہیں، آپ کی سیکیورٹی ہم پر لازم ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ جب آپ گئیں تو پاکستان میں دہشت گردی عروج پر تھی، ہم نے بہت مشکل جنگ لڑی جس کا شکار آپ خود ہوئیں، ہماری فوج، سول آرمڈ فورسز کے جوان اور شہریوں کی قربانیوں سے ملک میں امن ہے، ہم آج بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں اور یہ جنگ لڑتے رہیں گے۔شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ہمارے لوگ جانوں کا نذرانہ دے کر دنیا کو امن دے رہے ہیں، چاہتا ہوں آپ ہمارا پیغام دنیا کو پہنچائیں آپ دنیا کی اور پاکستان کی نمائندگی کرتی ہیں، آپ کے نوجوانوں اور بچیوں کی جو نمائندگی کی ہے وہ ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے، میری کوشش ہے دعا ہے کہ اللہ آپ کو کامیاب کرے۔وزیراعظم نے تقریر کے آخر میں ویلکم ہوم ملالہ کہا۔