اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سی پیک میں کرپشن کے خلاف پیپلز پارٹی نے عدالت میں جانے کا اعلان کر دیا، تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے سی پیک موٹر وے منصوبوں میں چینی کمپنی کو نوازنے اور مہنگے داموں ٹھیکہ دینے پر عدالت میں جانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبے کو پورے خطے میں تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، لیکن اس منصوبے کو کرپشن کے ذریعے نقصان پہنچایا جا رہا ہے، خورشید شاہ نے کہا کہ
سی پیک موٹر وے منصوبوں میں چینی کمپنیوں کو نوازا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ حیدر آباد سکھر موٹر وے کا ٹھیکہ 260 ارب میں دیا جا رہا ہے جس کا ریٹ 42 فی صد زیادہ ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ میں پہلی موٹر وے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے بنائی جا رہی ہے، ایسا ملک بھر میں کہیں بھی نہیں ہوا، یہ واحد موٹر وے ہے جو محفوظ نہیں ہے، خورشید شاہ نے کہا کہ کراچی سے حیدر آباد جاتے ہوئے روزانہ دو گھنٹے لگتے ہیں اوراس کی نسبت عام شاہراہ سے بھی اتناہی وقت لگتا ہے۔