اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے فرزند عبداللہ خاقان عباسی کے ولیمے کی تقریب اتوار کی شام پرائم منسٹر ہائوس کے لان میں ہوئی۔ ائیر بلیو سے وابستہ عبداللہ عباسی کی شادی جمعہ کی شام ریٹائرڈ بیوروکریٹ راجہ نوشیرواں کی صاحبزادی مریم کے ساتھ ہوئی تھی۔ دونوں خاندانوں نے شادی کی تقاریب کو نجی رکھنے کا فیصلہ کیا تھا اس لئے ولیمہ میں انتہائی محدود
لوگوں کو مدعو کیا گیا تھا اور اس میں سرکاری حکام بھی شریک نہیں تھے۔ ولیمہ میں پرائم منسٹر ہائوس کا عملہ بھی شامل نہیں تھا۔ ولیمے میں مہمانوں کی ون ڈش سے تواضع کی گئی۔ وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی پاکستان کے امیر ترین افراد میں شمار کئے جاتے ہیں۔ آپ پاکستان کی کامیاب ترین نجی ائیر لائن ائیر بلیو کے مالک بھی ہیں جب کہ آپ کا کاروبار آپ کے بیٹے عبداللہ خاقان عباسی چلا رہے ہیں۔ امیر ترین وزیراعظم کے بیٹے کی انتہائی سادگی میں دعوت ولیمہ پر پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے حیرت اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بڑی تبدیلی قرار دیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف تحریک انصاف والے ہیں جو تبدیلی کا نعرہ لے کر آئے اور تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں زکریا یونیورسٹی ملتان کا گرائونڈ استعمال کیا گیا اور 13ہزار مہمانوںکو دعوت دی گئی تھی جبکہ انواع و اقسام کے سینکڑوں کھانے نے ثابت کیا کہ اشرافیہ اور عوام کے طرز زندگی میں زمین آسمان کا فرق ہے جبکہ دوسری جانب وزیراعظم پاکستان شاہدخاقان عباسی کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں محدود افراد کی شرکت اور ون ڈش پر عملدرآمد نے سب کے دل جیت لئے ہیں، اصل تبدیلی تو ن لیگ کی جانب سے دیکھنے میں آرہی ہے۔واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے کی دعوت ولیمہ پر تحریک انصاف اور شاہ محمود قریشی کو سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔