لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) جیسے جیسے عام انتخابات نزدیک آتے جا رہے ہیں، اسی طرح سیاستدانوں کا ایک جماعت سے دوسری جماعت میں شمولیت کرنے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دو سیاسی رہنما تحریک انصاف میں شامل ہو گئے تھے لیکن اب تحریک انصاف کے رہنما رکن قومی اسمبلی سراج خان نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے، اس طرح مسلم لیگ (ن) نے گزشتہ روز تحریک انصاف کی جانب سے ان کی اڑائی جانے والی دو وکٹوں کا
بدلہ لے لیا ہے۔ میڈیا ذرائع کا اس بارے میں کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما سراج خان کے ن لیگ کے ساتھ بات چیت مکمل ہو گئی ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما سراج خان آئندہ ہفتے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو جائیں گے۔ رکن قومی اسمبلی سراج خان نے اس بارے میں کہا کہ حلقے کی عوام کی خواہش پر تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ میں شامل ہو رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے امیدوارہوں گے۔