اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے جمعہ کو ترکمانستان کے سرحدی شہر سرحت آباد میں ترکمانستان افغانستان، پاکستان ، بھارت گیس پائپ لائن منصوبے (تاپی) کے تحت فائبر آپٹک اور بجلی کی ترسیلی لائنوں کے منصوبوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ ان منصوبوں کے افتتاح کا یہ پہلا مرحلہ ہے۔ تقریب میں ترکمانستان کے صدر بردی محمدوف،
افغانستان کے صدر اشرف غنی، بھارت کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ ایم جے اکبر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔اس موقع پر ترکمانستان، افغانستان ، پاکستان پاور لائن منصوبے کے ضمن میں سمجھوتے پر دستخط بھی ہوئے۔ تقریب میں پاکستان کے ثقافتی طائفے نے منصوبے کے رکن دیگر ممالک کے ثقافتی طائفوں کے ہمراہ اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔