اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے دست راست سابق وفاقی وزیر نوابزادہ غضنفر گل نے پیپلز پارٹی سے تیس سالہ تعلق توڑ کر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمو لیت کا اعلان کرتے ہوئے پیپلز پارٹی چھوڑنے کا ذمہ دار زرداری کو قرار دے دیا اور کہا ہے کہ میں پیپلز پارٹی سے ناراض نہیں ہوں، پیپلز پارٹی اب کمرشل اور
اسٹیبلشمنٹ کی سرنگ میں گھسنے کی کوشش کر رہی ہے،تیس سال پیپلز پارٹی کے ساتھ سڑک پر رہا۔تھوڑی سی زندگی باقی ہے ن لیگ کے ساتھ سڑک پر گزار لونگا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے دست راست سابق وفاقی وزیر نوابزادہ غضنفر گل نے پیپلز پارٹی سے تیس سالہ تعلق توڑ کر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمو لیت کا اعلان کر دیا ہے انہوں نے پیپلز پارٹی چھوڑنے کا ذمہ دار زرداری کو قرار دے دیا اور کہا کہ میں پیپلز پارٹی سے ناراض نہیں ہوں۔ بس اب وہاں فٹ نہیں ہوتا کیو نکہ پیپلز پارٹی اب کمرشل ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا گڑھی کا مجاور ہوں۔ نواب شاہ کا درباری نہیں بن سکتا۔ تیس سال پیپلز پارٹی کے ساتھ سڑک پر رہا۔تھوڑی سی زندگی باقی ہے ن لیگ کے ساتھ سڑک پر گزار لونگا۔ میں ن لیگ میں ہوں اب۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح چوہدری برادران اور بی بی کے قاتلوں کو ساتھ ملا کر پیپلز پارٹی کو پنجاب میں ختم کرالیا اب اسی طرح پیپلز پارٹی اسٹیبلشمنٹ کی پارٹی بنی تو سندھ میں بھی ختم ہو جائے گی۔ نوابزادہ غضنفر گل نے کہا اگلے سیاسی سفر کا اعلان کر دیا باضابط اعلان کی کیا ضرورت ہے کوئی نکاح تھوڑی پڑھوانا ہے۔نواز شریف انٹی اسٹیبلشمنٹ پارٹی بن کر ابھر رہا ہے۔پیپلز پارٹی اسٹیبلشمنٹ کی سرنگ میں گھسنے کی کوشش کر رہی ہے۔