اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی چیئرمین شاہ محمود قریشی نے فوری عام انتخابات کے مطالبے سے یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے مشاورت سے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں۔بدھ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے تحت نئی حلقہ بندیوں کا اقدام انتخابات کے بروقت انعقاد کو یقینی بنائے گا۔ نئی حلقہ بندیوں کے تحت قومی اسمبلی میں پنجاب کی 7
جنرل اور 2 مخصوص یعنی مجموعی9 نشستیں کم ہوں گی، گجرانوالہ، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، اٹک، شیخوپورہ اور پاک پتن کے اضلاع میں قومی اسمبلی کی ایک ایک نشست کم جب کہ لاہور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور ،مظفر گڑھ اور لیہ میں ایک ایک نشست بڑھے گی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کی جماعت انتخابات کے لیے تیار ہے لیکن تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے باہمی شماورت سے فیصلہ کیا کہ آئندہ عام انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں۔