اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی کے اجلاس کے دور ان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سرتاج عزیز کی سربراہی میں قائم فاٹا ریفارمز کمیٹی کی رپورٹ پر عمل میں تاخیر کیوں کی جارہی ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں شاہ محمود قریشی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ سرتاج عزیز کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے اپنی رپورٹ دے دی تھی اب اس پر عملدرآمد کیوں نہیں ہو رہا۔
اجلاس کے دور ان مولانا فضل الرحمان کے بعد ڈپٹی سپیکر نے محمود خان اچکزئی کو فلور دیا تو شاہ محمود قریشی بھی کھڑے ہوگئے اور انہوں نے کہا کہ پہلے انہیں بات کرنے دی جائے جس کے بعد پی ٹی آئی کے دیگر ممبران کھڑے ہوگئے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ یہ کیا رویہ ہے کہ ایک دم سارے کے سارے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ اس پر ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ یہ چیئر کا احترام نہیں کرتے اور ان کا ہمیشہ یہی رویہ ہے ٗمحمود خان اچکزئی نے کہا کہ اگر ان کا یہی رویہ ہے تو اجلاس ہی ملتوی کیا جائے جس پر ڈپٹی سپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کئے جانے کے صدارتی احکامات پڑھ کر سنائے۔