اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کے معاملے پر کوئی مک مکا نہیں ہوا اور اس پر اپوزیشن کا بھی کوئی گلہ نظر نہیں آیا۔ پیر کو اپنے چیمبر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال کا بیک گراؤنڈ بہت بہتر ہے،ایمانداری سے کہتا ہوں کہ یہ ایسا نام تھا جو سب کو قابل قبول ہوتا
جبکہ نئے چیئرمین نیب کے نام پراپوزیشن کی جانب سے کوئی گلہ شکوہ نظرنہیں آیا اور ابھی تک کسی نے تنقید بھی نہیں کی۔خورشید شاہ نے کہا کہ چیئرمین نیب کے معاملے پر تحریک انصاف اورایم کیو ایم کے نام بھی ڈسکس ہوئے، اس پر کوئی مک مکا نہیں ہوا۔اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ جاوید اقبال کو کوئی ڈکٹیشن نہیں دے سکے گا لہٰذا ہمیں چاہیے کہ چیئرمین نیب کو متنازع نہ بنائیں۔صحافی کی جانب سے خورشید شاہ سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ چیئرمین نیب کی طرح نگراں وزیراعظم کا بھی فیصلہ کریں گے جس پر انہوں نے کہا کہ اللہ کرے وہ وقت آجائے کہ ہم نگران وزیراعظم کا فیصلہ بھی کریں۔خورشید شاہ نے کہا کہ اگرملک کی بہتری چاہتے ہیں توہمیں بہتر فیصلے کرنا ہوں گے ٗ جب تک پارلیمنٹ ہے تب تک ہر سازش کا مقابلہ کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نوازشریف کہہ دیں کہ ان کے بیٹے ہیں لیکن پاکستانی شہری نہیں۔ایک سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ ملک کی بہتری کیلئے بہترین فیصلے کرنا ہوں گے اللہ کرے کہ وہ دن بھی آئے کہ ہم نگراں وزیراعظم کے نام کا فیصلہ بھی کر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف کو چاہئے کہ وہ کہیں حسن اور حسین نواز میرے بیٹے ہیں لیکن وہ پاکستانی شہری نہیں۔