اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت برائے مواصلات محمد جنید انور چوہدری نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کا اجراء موٹروے پولیس کی کامیابی کا ایک اور سنگ میل ہے،موٹروے پولیس کی ڈرائیونگ لا ئسنسنگ کا معیار ترقی یافتہ ملک کی ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی کے مقابلہ میں کم نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں موٹروے پولیس ڈرائیورز لائسنسنگ اتھارٹی اسلام آباد میں انٹر نیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجراء کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ پرمٹ کا اجراء کرکے موٹروے پولیس جیسے قابل فخر ادارے نے قومی خدمت کے میدان میں کامیابی کا ایک اور زینہ طے کر لیا ہے۔ موٹروے پولیس ملک کا واحد ادارہ ہے جسے قومی اور بین الاقوامی سطح پر انتہائی قدر اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ تقریب میں انسپکٹر جنرل موٹروے پولیس ڈاکٹر سیدکلیم امام، موٹروے پولیس کے زونل کمانڈرزاور سیکٹر کمانڈرز، ریٹائرڈ آئی جیز ، بیورکریٹس اور موٹروے پولیس کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے مواصلات محمد انور چوہدری نے کہا کہ موٹروے پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس کے طریقہ کار کو خامیوں اور قباحتوں سے پاک کر کے شفاف طریقے سے بین الاقوامی معیار کے مطابق لائسنس کا آغاز اور انٹر نیشنل ڈرائیونگ پر مٹ کا اجراء انتہائی قابل ستائش ہے۔ موٹروے پولیس کی ڈرائیورز لائسنسنگ کا معیارکسی بھی ترقی یافتہ ملک کی لائسنسنگ اتھارٹی کے مقابلہ میں کم نہیں ہے۔ اس موقع میں خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سیدکلیم امام نے کہا کہ موٹروے پولیس نے پولیسنگ کا ایک نیا کلچر متعارف کروایا جو کہ روایتی پولیس کلچر سے یکسر مختلف ہے۔ 2014ء میں موٹروے پولیسلائسنسنگ اتھارٹی کے قیام سے اب تک چالیس ہزار سے زائد افراد نے لائسنس کے حصول کیلئے درخواست دی جس میں سے صرف 17000 افراد کو لائسنسز جاری کئے گئے۔
محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے موٹروے پولیس نے اب انٹر نیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کا اجراء کر کے ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حادثات میں ہونے والی اموات و نقصانات کی زیادہ شرح میں کا سب سے بڑا سبب بغیر لائسنس کے ڈرائیونگ اورڈرائیونگ لائسنسز کے اجراء غیر معیاری طریقہ کار ہیں۔ ان حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کی روک تھام کے لئے موٹروے پولیس نے مناسب وقت پر درست اقدامات کئے ہیں،
ان اقدامات میں سے ایک ملک بھر میں روڈ سیفٹی ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کا قیام اور دوسرا بین الاقوامی معیار کی ڈرائیورز لائسنسنگ اتھارٹی کا قیام ہے۔ انہوں نے کہا موٹروے پولیس ڈرائیورز لائسنسنگ اتھارٹی پاکستان میں واحدلائسنسنگ اتھارٹی ہے جس کے قوانین وفاقی حکومت سے باقاعدہ منظور شدہ ہیں۔ انہوں نے کہا موٹروے پولیس کے لائسنس جاری کرنے کا طریقہ کار ترقی یافتہ ممالک کے طریقہ کار کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنایا گیا ہے۔