اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف تمام اپوزیشن جماعتوں سے مشورے کے بعد قائد حزب اختلاف نامزد کرے گی، تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے مثبت جواب ملنے کے بعد ہی تحریک انصاف قائد حزب اختلاف نامزد کرے گی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایم کیو ایم سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے متعلق بات چیت مکمل ہو گئی ہے
اور دیگر جماعتوں سے ابھی مشاورت کی جا رہی ہے، انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مجھے دیگر جماعتوں سے مشاورت کا کام سونپا تھا۔ جب تک تمام جماعتوں سے مشاورت مکمل نہیں ہو جاتی اس وقت تک تحریک انصاف قائد حزب اختلاف نامزد نہیں کرے گی۔ اپنی گفتگو کے دوران انہوں نے کسی عہدیدار کا نام لیے بغیر کہا کہ ان کی جماعت میں کچھ کم عقل لوگ بھی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ دسویں محرم کے بعد مسلم لیگ (ق) کی قیادت سے ملاقات کی جائے گی اور امید ہے تمام امور طے پا جائیں گے۔ انہوں نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم نے مجھے قائد حزب اختلاف نامزد نہیں کیا انہوں نے صرف ایوان میں تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ قائد حزب اختلاف کے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا آخری اور حتمی فیصلہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ہی کریں گے۔ یہاں یہ بات یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے لیے شاہ محمود قریشی کے نام پر مختلف اپوزیشن جماعتوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے وہیں تحریک انصاف کے بعض اراکین نے بھی ان کے نام پر اعتراض کیا ہے۔