اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کا معاملہ، خورشید شاہ نے توپوں کا رخ عمران خان کی جانب کر لیا، عمران خان میری فکر چھوڑیں اپنی کریں، شاہ محمود قریشی کی نظر میری نہیں
بلکہ ان کی کرسی پر ہے، اپوزیشن لیڈر کی سیٹ پر تقسیم تحریک انصاف کیلئے پیپلزپارٹی رہنما نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے معاملے پر خورشید شاہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی صرف ایک بہانہ ہے، اصل مقصد کسی اور کو سامنے لانا ہے۔ خورشید شاہ نے الزام لگایا کہ شاہ محمود لابنگ کر کے اپنے قائد کی جگہ لینا چاہتے ہیں، ان کی نظرمیری نہیں، عمران خان کی کرسی پر ہے، عمران خان کو معلوم نہیں، وہ کسی اور کا کھیل کھیل رہا ہے۔ عمران خان کبھی بھی اپوزیشن لیڈر نہیں بن سکتے کیونکہ ایم کیو ایم انکو ووٹ نہیں دے گی ۔جمہوریت کی باتیں کرنے والے ہماری اکثریت کو تسلیم نہیں کرتے تحریک انصاف بتائے کہ اپوزیشن لیڈر کو بدلنے کی وجہ کیا ہے؟ پی ٹی آئی والے بات جمہوریت کی کرتے ہیں اور ہماری اکثریت ماننے کو تیار نہیں ہیں۔ قائد حزب اختلاف کہتے ہیں، جمہوری آدمی ہوں، مجھے اپنی کوئی فکر نہیں، ہاں! عمران خان کو چاہئے کہ اپنی فکر کریں۔