اسلام آباد (صباح نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ شاہ محمود قریشی قائد حزب اختلاف کے امیدوار ہوسکتے ہیں، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے مک مکا کرکے الیکشن کمیشن تشکیل دیا، ہمیں الیکشن کمیشن پر کوئی اعتماد نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی بی چیف کو فوری مستعفی ہونا چاہیے، ہم نے اگر پارلیمنٹ میں پورے نمبر لے بھی لئے تو انہوں نے رشوت چلادینی ہے، ان کا دور ختم ہوچکا ہے۔ عمران خان
نے کہا کہ یہ جو مرضی کرلیں ہم ان کو ہرادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی مجھ سے زیادہ سینئر سیاستدان ہیں، مگرپارٹی چاہتی ہے کہ اپوزیشن لیڈر کیلئے میرا نام تجویز کیا جائے۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے ن لیگ کی حکومت اداروں کا احترام نہیں کرتی، مینڈیٹ ریفریش کرانا ہوگا۔ آئندہ الیکشن میں حکمران جماعت کو اڑاکر رکھ دیں گے۔ نوازشریف کو مجرم قرار دیتے ہوئے عمران خان کامزید کہنا تھا و ز یراعظم شاہد خاقان عباسی ایک مجرم کے ملازم بنے ہوئے ہیں۔ نجی ٹی وی کو انٹرویومیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ ماڈل ٹائون رپورٹ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر ڈالی جائے ، دن دہاڑے لوگوں کو قتل کیا گیا حکمرانوں نے ہر جگہ وفاداروں کو بٹھایا ہوا ہے ، کرپشن کی خاطر اداروں میں کرپٹ افراد کو بٹھاکر انہیں تباہ کر دیا ہے۔نوازشریف جعلسازی کو غلط سمجھ ہی نہیں رہے ، ابھی تو اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کی بات چل رہی ہے۔ دیکھنا ہے ابھی نمبر پورے ہوتے ہیں یا نہیں۔ہمیں الیکشن کمیشن پر اعتماد ہی نہیں ، چیئرمین نیب نے آصف زرداری کو بچالیا۔ ہم چاہتے ہیں نیب اور الیکشن کمیشن کے سربراہان غیر جانبدار ہوں۔ یہ اب جو چاہیں کرلیں ان کا دور ختم ہوچکا ہے۔ انہوں نے نجم سیٹھی جیسے آدمی کو کرکٹ پکڑوادی جو کرکٹ کو الف ب ہی نہیں جانتا۔ عطاالحق قاسمی جیسے اپنے بندے کو پی ٹی وی میں بٹھادیا۔ ڈان لیکس کے پیچھے مریم نوازکا ہاتھ ہے۔ 2013میں تیاری نہیں تھی اب تیاری کیساتھ الیکشن میں جائیں گے اور اکثریت سے جیتیں گے۔