اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نادرا حکام این اے 120 میں شفاف ضمنی انتخاب کے راستے میں رکاوٹ بن کر ادارے کی ساکھ کو مجروح نہ کرے۔ بدھ کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی ہے،
سیکرٹری الیکشن کمیشن کو این اے 120 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے آگاہ کیاٗ میں نے این اے 120 میں انتخابی مہم چلانے کے لیے الیکشن کمیشن سے درخواست کی تھی اور الیکشن کمیشن نے مجھے انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی تھی۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ یونین کونسل 50 اور51 میں بہت سے ایسے ووٹ ہیں جن کے آئی ڈی کارڈز بلاک کردئیے گئے ہیں، مسلم لیگ (ن )کے وزرا اور اراکین اسمبلی ضابطہ اخلاق کی پاسداری نہیں کر رہے، لیگی ارکان ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا رہے ہیں، صوبائی وزیر بلال یاسین کو الیکشن کمیشن نے تین بار نوٹس کیا اور وہ پیش نہیں ہوئے جب کہ ہمیں تحریک انصاف سے زیادتی کا خدشہ دکھائی دے رہا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نادرا حکام سے گزارش ہے کہ ہمیں جواز بتائیں کہ این اے 120 کے پٹھانوں کے ہزاروں ووٹ کیوں بلاک کئے، ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرنا سب پر لازم ہے، بلال یاسین نے بیان حلفی دیا کہ وہ مہم میں حصہ نہیں لیں گے، بیان حلفی دینے کے بعد بھی بلال یاسین مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ کیا نادرا کسی سرکاری اسکیم کا حصہ بنی ہوئی ہے، ہم نے اپنے اعتراضات سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا ہے، میری پی ٹی وی سے شکایت ہے، پی ٹی وی سرکاری ادارہ ہے جو قوم کے پیسوں سے چل رہا ہے وہ لیگی امیدوار کی مہم کو
بھرپور کوریج دے رہا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ شفاف انتخابات کے راستے میں نادرا رکاوٹ نہ بنے، اگر ایک امیدوار کو کوریج دی جا رہی ہے تو سب امیدواروں کو کوریج دی جائے، جو بھی غیر اخلاقی اور غیر قانونی چیز ہو گی اس پر لوگ اعتراض کریں گے، وزیر اطلاعات اور ایم ڈی پی ٹی وی سے درخواست ہے وہ اس بات کا نوٹس لیں اور اگر ن لیگی امیدوار کی کوریج نہ
روکی گئی تو ہم احتجاج کریں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ این اے 120 میں کئی پختونوں کے شناختی کارڈز بلاک ہیں، بلاک شناختی کارڈ کے باعث وہ پختون ووٹر فہرستوں سے باہر ہیں، پختونوں کا ووٹ تحریک انصاف کے ساتھ ہے، شفاف انتخابات کے راستے میں نادرا رکاوٹ نہ بنے اورنادرا اپنے ادارے کی ساکھ کو مجروح نہ کرے۔