اسلام آباد(این این آئی) چیئرمین نیب نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے اثاثے منجمد کرنے کی سفارش مسترد کردی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں نیب لاہور اور راولپنڈی نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز تیار کرکے نیب ہیڈ کوارٹر بھجوائے تھے جن میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے اثاثے منجمد کرنے کی سفارش کی گئی تھی جب کہ تمام افراد کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کا کہا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیرمین قمر زمان چوہدری نے نوازشریف، حسن، حسین، مریم نواز اور اسحاق ڈار کے اثاثے منجمد اور ان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش بھی مسترد کردی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق نیب ہیڈ کوارٹرز نے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم کو اس حوالے سے خط بھی بھیج دیا ہے۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نیب کو فیصلے کی تاریخ سے 6 ہفتوں کے اندر ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا گیا ہے جس کی مدت 8 ستمبر کو ختم ہوگی۔