لاہور ( این این آئی) غیر ملکی کمپنی نے لاہور کیبل کار منصوبے پر دو تجاویز تیار کرلیں، موٹرویز کی طرز پر منصوبے کو ’’روپ ویز ‘‘کا نام دے دیا گیا۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں کیبل کار چلانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس کی باقاعدہ منظوری وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے دی جا چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق منصوبے کے حوالے غیر ملکی کمپنی کی جانب سے دو تجاویز تیار کی گئی ہیں جن کو منظوری کے لئے وزیراعلی پنجاب کو بھجوایا جائے گا۔
تجویز کے مطابق لاہور میں تین اور مری میں ایک ٹریک پر کیبل کار چلانے کا عندیہ دیا گیا ہے، لاہور میں کینال روڈ، شاہدرہ سے بارہ دری تک ٹریک کو بہتر قرار دیا گیا ہے جبکہ تیسرے ٹریک کو فزیبلٹی رپورٹ کے بعد حتمی شکل دی جائے گی، مری سے پنڈی پوائنٹ تک ٹریک چلانے کا عندیہ دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق غیر ملکی کمپنی کی جانب سے لاہور کیبل کار منصوبے کے تینوں ٹریکس کے لئے فزیبلٹی رپورٹ پر اصرار کیا گیا ہے، کمپنی کے مطابق فزیبلٹی رپورٹس سے قبل لاہور میں کام شروع نہیں کیا جا سکتا تاہم مری میں 2018ء میں کام کا آغاز کیا جاسکتا ہے۔دونوں منصوبوں کی تکمیل میں تین سے چار سال لگ سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق کمپنی کی جانب سے دی جانی والی دونوں تجاویز وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کی جائیں گی، وزیراعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں دونوں میں سے کسی ایک منصوبے پر کام شروع کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں کیبل کار چلانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس کی باقاعدہ منظوری وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے دی جا چکی ہے۔