اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ اپنی بقاء کیلئے ریلی نکالنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، سپریم کورٹ نواز شریف کو نااہل قرار دے چکی ہے انکے پاس خود کو بچانے کا یہی طریقہ تھا۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا میاں صاحب پارلیمنٹ کی طاقت پر بھروسہ کریں، نواز شریف کو بھٹو کا یہ فلسفہ سمجھ آ گیا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ جب کرسی ملتی ہے تو میاں
صاحب سب کچھ بھول جاتے ہیں، جمہوریت نے نواز شریف کو تیسری مرتبہ موقع دیا اور وہ اسی شاخ پر بیٹھ کر اسے کاٹ رہے ہیں، عوام کی طاقت پر یقین اور مسائل ان کی خواہشات کے مطابق حل کرنا ہوں گے۔ خورشید شاہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ صرف پیپلز پارٹی ہی ملکی مسائل حل کر سکتی ہے، نواز شریف نے عوام کی رائے اور سوچ کو سمجھنے میں بہت دیر کر دی ہے، نااہلی پر عوام کے پاس جانے میں انہوں نے بہت دیرکر دی، ریلی میں خطرات تو ہوتے ہیں۔