اسلام آباد( این این آئی )چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے پانامہ کیس کے فیصلے کی روشنی میں اہم اجلاس کل (پیر )کو طلب کر لیاجس میں عدالت عظمیٰ کے حکم اورتمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیکر اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل، ڈئریکٹر جنرل آپریشنز اور ڈی جی نیب راولپنڈی کو بھی طلب کیا گیاہے۔
اجلاس میں کیے جانے والے فیصلوں کی منظوری ایگزیکٹو بورڈ سے لی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا۔سپریم کورٹ نے پانامہ کیس کے فیصلے میں نواز شریف،حسن نواز،حسین نواز،مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس دائر اورچھ ہفتوں میں فیصلہ کرنے کا حکم سنایا تھا۔