اسلام آباد(آئی این پی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ نوازشریف 14 اگست سے قبل وزیراعظم نہیں رہیں گے،(ن) لیگ کا کوئی دشمن نہیں یہ اپنے دشمن خود ہیں ، وزیراعظم کے خلاف کریمنل پروسیڈنگز ہوں گی ، میاں صاحب ضدی آدمی ہیں اڑ جاتے ہیں اور پھر نقصان اٹھاتے ہیں ، پی ٹی آئی چوہدری نثار کو وزیراعظم دیکھنا چاہتی ہے ،پانامہ کیس زیادہ دیر نہیں چلے گا امید ہے آئندہ ہفتے تک فیصلہ آجائے گا ۔
وہ بدھ کو نجی ٹی وی کوانٹرویو دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس زیادہ دیر نہیں چلے گا، امید ہے آئندہ ہفتے تک اس کیس کا فیصلہ آجائے گا، میں نہیں سمجھتا نوازشریف 14 اگست کو بطور وزیراعظم پرچم کشائی کر سکیں گے کیوں کہ وہ 14 اگست سے قبل وزیراعظم نہیں رہیں گے اور ان کے خلاف کریمنل پروسیڈنگز ہوں گی ، میاں صاحب ضدی آدمی ہیں اڑ جاتے ہیں اور پھر نقصان اٹھاتے ہیں ، لوگ بھاگ جائیں گے اور میاں صاحب اکیلے رہ جائیں گے ۔خورشید شاہ نے کہا کہ (ن) لیگ کا کوئی دشمن نہیں یہ اپنے دشمن خود ہیں ،چوہدری نثار کے وزیراعظم بننے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے جبکہ پی ٹی آئی والوں کو چوہدری نثار کے وزیراعظم بننے پر بہت خوشی ہوگی کیونکہ وہ چوہدری کو وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں ،نوازشریف خوش قسمت ہیں جو تیسری بار وزیراعظم ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان سے میرا کوئی رابطہ نہیں ہوا ،یہ لوگ جس شاخ پر بیٹھے ہوئے ہیں اسی کو کاٹنے میں مصروف ہیں ، ہم پانامہ کیس کی ٹرافی لینے سپریم کورٹ نہیں گئے بلکہ شیخ رشید کے کہنے پر سپریم کورٹ گئے ہیں ۔