اسلام آباد(آئی این پی ) عوامی مسلم لیگ کے سر براہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں سب چیزیں واضح ہو چکی ہیں لیکن اگر ان کی اب بھی تسلی نہیں ہوئی تو عدالت سے درخواست کروں گا کہ نواز شریف کو طلب کیا جائے،
میں خود ان پر جرح کروں گا۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں اتنی بے شرم حکومت نہیں دیکھی جو اپنا اقتدار بچانے کیلئے ملک کو دا پر لگا رہی ہے۔ جو جے آئی ٹی کو گالی دے رہا ہے وہ سپریم کورٹ کو گالی دے رہا ہے۔عوامی مسلم لیگ کے صدر نے کہا کہ مسلم لیگ ن ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ایسی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں کہ ابھی تک جے آئی ٹی رپورٹ پر اعتراضات جمع نہیں کرائے گئے۔انہوں نے کہا کہ آج سپریم کورٹ جو فیصلہ دے گی وہ ملکی تاریخ کا تعین کرے گا اس وقت صورتحال یہ ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں وزیر اعظم سے استعفی مانگ رہی ہیں اور ملک و قوم کے علاوہ جمہوریت کے بہترین مفاد میں بھی یہی ہے کہ وزیر اعظم فوری طور پر مستعفی ہو جائیں