اسلام آباد (این این آئی)پانا ما لیکس کی تحقیقات کیلئے قائم کر دہ جے آئی ٹی کے دو ارکان کے حوالے سے قطر اور دوبئی پہنچنے کی متضاد خبریں دن بھر گردش کرتی رہیں ۔نجی ٹی وی کے مطابق پاناما کیس کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کی قائم کردہ جے آئی ٹی کے دوارکان ایم آئی کے بریگیڈیئر کامران خورشید اورنیب کے عرفان منگی مزید تحقیقات کیلئے دبئی پہنچے ۔دونوں امارات ائر لائنز کی پروازای کے 615سے صبح 3بج کر 10 منٹ پر روانہ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق دونوں ارکان 24 گھنٹے کیلئے دبئی میں رکیں گے ٗجے آئی ٹی کا دوحہ جانے کا فیصلہ تا حال نہیں کیا جا سکا اس سے قبل یہ اطلاعات گردش کرتی رہیں کہ جے آئی ٹی میں شامل ایم آئی کے بریگیڈیئر کامران رشید اور نیب کے عرفان منگی پیر اور منگل کی درمیانی رات اسلام آباد سے غیر ملکی پرواز کے ذریعے قطر کے دارالحکومت دوحہ روانہ ہوئے جہاں وہ قطری شہزادے حمد بن جاسم کا بیان ریکارڈ کریں گے۔جے آئی ٹی کی تحقیقا ت کے سلسلے میں قطر ی شہزادے نے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا،ذرائع کے مطابق قطر جانے کی صورت میں جے آئی ٹی کے تمام ارکان دوحہ جائیں گے۔