اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )سی پیک کامنصوبہ شروع ہوتے ہی یہ بحث شروع ہوگئی تھی اس منصوبے میں ملازمت کرنے یاکاروبارکےلئے چینی زبان سیکھنامفیدہے لیکن دوسری طرف چینی طلبانے اردوزبان سیکھناشروع کردی ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت پیداہونیوالی ملازمتوںسے مستفید ہونے کے لیے چینی طلباءنے اردو سیکھنا شروع کردی۔ چین کی معروف ترین
یونیورسٹی پیکنگ یونیورسٹی میں 1951ءسے اردولینگوئیج ڈیپارٹمنٹ قائم کیاگیاتھا۔ ،پیکنگ یونیورسٹی کے بعد ژیان اور گوانژو یونیورسٹی میں بھی اردوڈیپارٹمنٹ کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہےوہاں پر چینی طلباءروشن مستقبل کی خاطراردو سیکھ رہے ہیں۔ بیجنگ فارن سٹڈیز یونیورسٹی 2007ءسے طلباءکو اردوسکھارہی ہے اور اب اس کے دوبیچ اپنی ڈگری وصول کرچکے ہیں۔فارن سٹڈیز یونیورسٹی میں اردوڈیپارٹمنٹ کی سربراہ زہویوآن نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایاکہ پڑھنے والے طلباءمیں سے کچھ کو بیرون ملک یونیورسٹی میں مزید اعلیٰ تعلیم کیلئے سکالر شپس ملی ہیں جبکہ کچھ نے مختلف کمپنیوں میں نوکری کرلی، اس وقت 20طلباءکا ایک بیچ یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہے۔ذرائع کے مطابق چین کی بیجنگ فارن سٹڈیز یونیورسٹی اپنے طلباءکوتعلیم کے تیسرے سال کے دوران 6ماہ کیلئے پاکستان میں نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز (نمل)اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی بھیجے گی تاکہ بولنے اور لکھنے کی صلاحیتوں میں اضافہ کرسکیں۔اس حوالے سے ان طلباکو حکومت پاکستان اور بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے سے مالی معاونت بھی دی جارہی ہے ،اس یونیورسٹی طلباءمیں ادبی مقابلے بھی کرائے جاتے ہیں اور طلباءمیں پاکستان اور پاکستانی لوگوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے ثقافتی تقریبات کا انعقاد بھی کیا جاتاہے ۔
چینی حکومت کی بھی کوشش ہے کہ چین کے طلبااردوزبان پرعبورحاصل کریں تاکہ پاک چین اقتصادی راہداری میں ملازمتیں زیادہ سے زیادہ حاصل کرسکیں ۔